وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی جانب سے انٹرفیتھ افطار عشائیہ

قونصل جنرل یو ایس اے ، چائنہ ، ہیڈ آف برٹش ہائی کمیشن کی خصوصی شرکت صوبائی وزرا ، ممبران پنجاب اسمبلی اور مختلف مسالک سے منسلک مذہبی شخصیات کی بھی شرکت

بدھ 26 مارچ 2025 17:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے لاہور میں ایک انٹرفیتھ افطار عشائیے کی میزبانی کی۔ اس موقع پر متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں ڑاؤ شیرن، قونصل جنرل چین؛ مسز کرسٹن کے۔ ہاکنز، قونصل جنرل امریکہ؛ بین وارنگٹن، برطانوی ہائی کمیشن کے ہیڈ لاہور؛ بلال یاسین، وزیر برائے خوراک؛ بلال اکبر خان، وزیر برائے ٹرانسپورٹ؛ رانا نصرت اللہ خان، وزیر برائے زکوة؛ اور ایم پی ایز احمد اقبال، بابا فیلبوس، سونیا عاشر ،راہیلہ خادم حسین اور اعجاز عالم آگسٹین شامل تھے۔

اس کے علاوہ علی بہادر قاضی، سیکریٹری برائے انسانی حقوق اور اقلیتی امور؛ سیف اللہ کھوکھر، ایڈیشنل سیکریٹری ای ٹی پی بی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں رمضان اور افطار کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ اتحاد، امن اور ہمدردی کی اہمیت کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہا، "روزہ رکھنا اور افطار کے وقت ایک ساتھ بیٹھ کر روزہ کھولنا بھائی چارے، یکجہتی اور ہمدردی کا عملی نمونہ ہے۔

رمضان ہمیں صبر، عاجزی اور خود انضباط کے اسباق سکھاتا ہے۔ آج ہم یہاں جمع ہو کر اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم تمام کمیونٹیز کی فلاح و بہبود اور شمولیت کو یقینی بنائیں گے۔ صوبائی وزیر نے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیااور پاکستان کے متنوع سماجی تانے بانے کو مستحکم کرنے میں مذہبی ہم آہنگی کے کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے غیر ملکی سفارتکاروں اور مذہبی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا اور اس کے ذریعے خیرسگالی اور تعاون کو فروغ دیا۔یہ شام نہ صرف مہمانوں کو ایک ساتھ افطار کرنے کا موقع فراہم کرنے والی ایک خوبصورت تقریب تھی، بلکہ اس میں معاشرتی انصاف، اقلیتی حقوق اور باہمی احترام کے بارے میں بامقصد تبادلہ خیال کا بھی موقع ملا۔

اس افطار عشائیے میں روایتی افطار پکوانوں کی فراہمی نے اس محفل کو یادگار بنا دیا اور مختلف شعبوں میں مثبت تعلقات کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔ افطار عشائیے میں نامور مذہبی رہنماؤں کی موجودگی بھی دیکھی گئی، جن میں سردار بیشن سنگھ، سردار کلیان سنگھ ,پی پی ایف او کے چیئرمین عرفان خان، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل اور دیگر بھی موجود تھے۔