Live Updates

وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ، صوبے میںامن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

جمعہ 9 مئی 2025 21:01

وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ، صوبے میںامن و امان کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت جمعہ کے روز ایس سی سی ایل او کا 27 واں اجلاس آفس محکمہ داخلہ میں منعقدہوا، جس میں صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ، بلال اکبر خان اور وڈیو لنک کے ذریعے سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی۔ اس موقع پرموجودہ ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب، سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے معصوم اور نہتے بچوں و خواتین سمیت دیگر شہریوں کو نشانہ بنانے پر شدید الفاظ میں مذمت اور تمام محکمہ جات کا رابطہ اور آپریشنز مربوط بنانے پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے سول ڈیفنس کیلئے اہم حفاظتی سامان کی خریداری ، 4 قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی استعداکار بڑھانے کیلئے 37 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔

صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہمارے لیے پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں،پاک فوج نے 08 مئی کو بھارت کے 25 ڈرونز مار گرائے،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سول ڈیفنس، ریسکیو اور پولیس کی فرضی تربیتی مشقیں جاری ہیں،محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان 24 گھنٹے صوبہ بھر کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایک دن میں ہزاروں طالب علموں اور شہریوں کو سول ڈیفنس کی تربیت دی گئی، پاکستانی عوام حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیرصحت نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کے سٹاک اور ہیلتھ پروفیشنلز کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں سے حکام نے شرکت کی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات