ثانوی تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ

بدھ 26 مارچ 2025 17:57

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ یہ اقدام امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی بددیانتی، غیر قانونی سرگرمیوں اور بیرونی مداخلت کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔اس حکم نامہ کے تحت امتحانی مراکز کے 200 گز کے اندر کسی بھی قسم کے اجتماع پر مکمل پابندی ہوگی تاکہ نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

امتحانی مراکز کے قریب کسی بھی قسم کے غیر مجاز تعلیمی مواد، جیسے پاکٹ گائیڈز اور دیگر ممنوعہ نوٹس کی فروخت اور تقسیم پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔یہ حکم 8 اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور 10 مئی 2025 تک مؤثر رہے گا۔ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اس حکم پر مکمل عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :