23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پرایف سی پبلک سکول اینڈ کالج نوکنڈی میں شاندار تقریب کا انعقاد

بدھ 26 مارچ 2025 18:17

نوکنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر (ایف سی پبلک سکول اینڈ کالج نوکنڈی) میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی میجر عبد الرزاق تھے۔تقریب میں سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد سکول کے بچوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ملی نغمے،ٹیبلوز اور تقاریر پیش کیں۔

(جاری ہے)

طلبہ نے قراردادِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شاندار پرفارمنس دی۔ اس موقع پر سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ سکول کے وائس پرنسپل مظہر عباس صاحب نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور محنت و لگن کے ساتھ تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی۔ مہمانِ خصوصی میجر عبد الرزاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور ایک عظیم مقصد کے حصول کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے محنت کرنے کی تلقین کی۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ کامیاب طلبہ اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔