اوپن یونیورسٹی اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب

بدھ 26 مارچ 2025 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مرکز السنہ و علوم ترجمہ اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی۔یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار راجہ عمر یونس جبکہ این بی ایف کی جانب سے سیکرٹری، مراد علی مہمند نے دستاویزات پر دستخط کئے۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹرناصر محمود نے کہا کہ پاکستان ثقافت، تاریخ اور قدرتی وسائل میں دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے، 70 زبانیں پاکستان میں بولی جاتی ہیں جو ایک کثیرالثقافتی گلدستہ ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ مرکز السنہ و علوم ترجمہ کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ جو طلبہ یہاں سے گریجویٹ ہوں وہ پاکستان کی کسی بھی علاقائی زبان کی ترویج اور علوم کو دوسری زبانوں میں منتقل کرنے کے قابل ہوں،نیشنل بک فاؤنڈیشن کو اوپن یونیورسٹی کی جانب سے ایسا مواد ملے گا جس کی ترویج سے ہمارے ملک کے اندر مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی پروان چڑھے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مطالعاتی مواد سے نہ صرف انفرادی سطح پر فائدہ ہو گا بلکہ معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کرادار ادا ہو گا۔تقریب میں مرکز السنہ و علوم ترجمہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی نے مفاہمتی یادداشت کے اغراض ومقاصد بیان کرتے شرکاء کو بتایا کہ اس باہمی اشتراک سے علمی تعاون اور تراجم کے شعبے کو فروغ ملے گا۔تقریب میں ڈین کلیہ سماجی علوم و انسانیت پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر اور پرنسپل افسران بھی موجود تھے۔