فیصل آباد پولیس کی جانب سے شہدا کی یاد میں تقریب کا انعقاد، عید پیکج تقسیم

بدھ 26 مارچ 2025 21:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) فیصل آباد پولیس کی جانب سے شہداء کی یاد میں پر وقار تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں شہدا کی فیملیز میں عید پیکج تقسیم کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس فیصل آباد کی جانب پولیس لائن کمپلیکس میں شہداء کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں شہداء پولیس کے اہل خانہ میں عید پیکج تقسیم کیا گیا ۔

اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ پولیس ایک خاندان کی مانند ہے جن کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ملک و قوم کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کے اہل خانہ کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔شہدانہ صرف محکمہ پولیس کا فخر ہیں بلکہ پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں ، ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور انکے مسائل کا فوری حل ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

سٹی پولیس آفیسر نےشہداکی فیملیز میں نقد رقم ، تحائف اور میڈل تقسیم کئے۔صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ یہ تحائف شہداء کی عظیم قربانی کا نعم البدل تو نہیں لیکن ان کے ورثاء کو اس بات کی یقین دہانی کروانے کیلئے ہیں کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔ وہ قوم کے سپوت ہیں۔ وہ ان عظیم لوگوں کی اولاد ہیں جن کا ذکر کرتے ہوئے وہ ہمیشہ اپنا سر فخر سے بلند کیے رکھیں گے۔