آئی جی پنجاب کی خوارجی دہشتگردوں کا بہادری ،جوانمردی سے مقابلہ کرنیوالے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی

افسران و اہلکاروں کیلئے 19 لاکھ 60 ہزار روپے نقد انعامات و تعریفی اسناد کی منظوری دیدی گئی‘ ترجمان پنجاب پولیس ملک کی اندرونی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نڈر اور جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی‘ڈاکٹر عثمان انور

جمعرات 27 مارچ 2025 01:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک کی اندرونی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نڈر اور جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی جس کے تسلسل میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے 98 افسران و اہلکاروں کیلئے 19 لاکھ 60 ہزار روپے نقد انعامات ا ور تعریفی اسناد کی منظوری دے دی ہے۔

افسران و اہلکاروں نے نہ صرف اپنی پوسٹوں کی حفاظت کی بلکہ عوام کے جان و مال کے ممکنہ نقصان کو بھی روکا۔پنجاب پولیس کا ہر سپاہی دہشت گردوں، شر پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ افسران و اہلکاروں نے جس بہادری سے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائے وہ قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے بین الصوبائی سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس قبل ازیں بھی خوارجی دہشتگردوں کے کئی حملے ناکام بنا چکی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ افسران و اہلکاروں نے خوارجی دہشتگردوں کے لگاتار 03 حملے ناکام بنائے اور خوارجی دہشتگردوں نے لکھانی اور جھنگی چیک پوسٹوں پر 03، 07 اور 08 مارچ کو حملے کیے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی تونسہ شہزاد فیض کیلئے تعریفی لیٹر کی منظوری دی گئی جبکہ افسران و اہلکاروں کو 20 ہزار روپے فی کس کیش انعام و تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

انعامات حاصل کرنے والوں میں 57 ڈی جی خان، 11 ملتان، 11 خانیوال اور 05 گجرات کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔فیصل آباد 04، مظفر گڑھ اور ایلیٹ پولیس کے دو 02 جبکہ راولپنڈی، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، لودھراں، گوجرانوالہ اور وہاڑی کا ایک ایک اہلکار شامل ہے ۔