ڈپٹی کمشنر ننکانہ کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ روڈحادثات کمیٹی کا ماہانہ اجلاس

جمعرات 27 مارچ 2025 17:42

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤکی زیرصدارت ڈسٹرکٹ روڈز ایکسڈنٹ کمیٹی کا ماہانہ اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، ضلعی ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، انفارمیشن، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس ، میونسپل اداروں ، ہائی وے ، ٹریفک پولیس سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔

ضلعی افسران نے شہریوں کو روڈحادثات سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے اقدامات بارے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی مختلف شاہراہوں پر غیر قانونی کٹس کو بند کر دیا گیا ہے۔ہسپتالوں اور سکولوں کے آگے زبیرا کراسنگ سمیت سائن بورڈز بھی لگائے جا رہے ہیں جبکہ شہریوں کو آگاہی مہم بھی دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے روڈز ایکسڈنٹ کی روک تھام کے لیے جہاں تک ممکن ہو فوری اقدامات کریں ، ضلع کے تمام بس اڈوں اور انتظار گاہوں پر تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بس اڈوں پر مرد اور خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز بنوائے جائیں اور تمام بس اڈوں پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ تمام لاری اڈوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کروائی جائے ، کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی اور ڈی سی کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کیا جائے ، بس اڈوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں اور احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کم عمر ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی کرے ، والدین کم عمر بچوں کو گاڑی ، موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں ، بغیر لائسنس اور تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور رکشوں میں غیر معیاری گیس سلنڈرز کا استعمال ہر صورت روکا جائے ، سڑکوں کو ٹوٹنے سے بچانے ، حادثات کی روک تھام کیلئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے ، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر پبلک ٹرانسپورٹ کو روڈز پر نہ آنے دیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مانوالہ برج اور شاہکوٹ روڑ پر کینال برجز پر ریٹنگ وال اور سائن بورڈز لگانے کا کام جلد از جلد مکمل کروایا جائے ، مانوالہ روڑ اور شاہکوٹ روڑ پر لین مارکنگ ، کے ٹائیز اور ریفلیکٹرز لگوائے جائیں۔آئندہ اجلاس تک اڈا پنواں اور چندہ سنگھ سمیت دیگر غیر قانونی کٹس بند ہونے چاہیں۔انہوں نے سی او ضلع کونسل کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جڑانوالہ روڑ کے تمام قصبوں پر نو پارکنگ ، رکشہ اسٹینڈز ، بس اسٹاپس کے سائن بورڈز لگائے جائیں اور ناجائز تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لیں۔\378