وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی کا فیصل آباد کا دورہ، پولیس خدمت مرکز میں محتسب شکایت باکس کا افتتاح کر دیا

جمعرات 27 مارچ 2025 17:54

وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی کا فیصل آباد کا دورہ، پولیس خدمت ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے جمعرات کے روز فیصل آباد کے دورہ کے دوران سی پی او فیصل آ باد صاحبزادہ بلال عمر کے ہمراہ پولیس خدمت مرکز فیصل آباد میں محتسب شکایت باکس کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر علاقائی محتسب فیصل آبادآفس کے ایڈوائزر انچارج شاہد حسین جیلانی، سینئر ایڈوائزرمحمد وسیم اختر،یاسر شبیر ملک ڈپٹی رجسٹرار اور دیگر افسران بھی وفاقی محتسب پاکستان کے ہمراہ تھے۔

وفاقی محتسب نے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے محتسب کمپلینٹ باکس کا اس سینٹر میں افتتاح کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ212 وفاقی ادارے و ایجنسیاں ہیں جن کے خلاف ہم شکایات دیکھتے ہیں،ہمارے پاس عام آدمی،غریب آدمی شکایت لیکر آتا ہے اور ہم 60 دنوں میں بغیر فیس، بغیر وکیل کے ان کا فیصلہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سینٹر میں ہزاروں بے کس غریب اور متاثرہ لوگ آتے ہیں اور اب وہ محتسب کو اپنی شکایات بھی یہاں پہ درج کروا سکتے ہیں، ہم ان کو گائیڈ بھی کریں گے۔ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ فیڈرل ایجنسیوں کے معاملات ہم خود سنیں گے جبکہ پراونشل معاملات صوبائی محتسب کو بھیج دئیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پولیس سنٹر کے بارے میں سنا تھا کہ پولیس ویلفیئر کے کام کر رہا ہے اس لیے انہیں بھی شوق ہوا کہ جا کر دیکھیں لہٰذا میں یہاں آیا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ ان گروپس کے لیے کام کر رہے ہیں جیسے ٹرانس جینڈرز،ولنرایبلز،غریب مستحق افراد، عورتیں بچے وغیرہ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی نیک نامی کے لیے یہ بہت بڑا کام ہے اور اس میں جو لوگ کام کر رہے ہیں وہ انہیں بھی شاباش دیتے اور دعاگوہیں کہ یہ مفید کام جاری رہے جس سے ہزاروں لوگ یہاں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وفاقی محتسب پاکستان نے کہا کہ وہ پولیس آفیسرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جب بھی ہم نے غریب لوگوں کے کیس بھیجے ہیں انہوں نے ہمدردی سے ان کو دیکھا ہے۔

سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ یہ خدمت مرکزفیصل آباد کا ہب ہے اور یہاں پر ہر طبقہ ہر عمر کے لوگ آتے ہیں لہٰذا ان کو یہاں ایک موقع میسر آیا ہے کہ وہ اپنی شکایات کے سد باب کے لیے وفاقی محتسب سے رجوع کریں۔ قبل ازیں وفاقی محتسب نے پولیس خدمت مرکز کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور انچارج پولیس خدمت مرکز نے انہیں تمام شعبوں کے بارے میں امور سے آگاہ کیا۔آخر میں وفاقی محتسب نے پولیس خدمت مرکز میں پودا بھی لگایا۔