ڈپٹی کمشنر جامشورو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پوليو اریڈیکیشن کمیٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد

جمعرات 27 مارچ 2025 19:24

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پوليو اریڈیکیشن کمیٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی جامشورو غضنفر علی قادری نے ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اگلے مہینے اپریل میں اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کی وہ مہم کے دوران اپنا کلیدی کردار ادا کریں بصورتِ دیگر کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کلیم شیخ نے بتایا کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم 21 اپریل سے 27 اپریل تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران ضلع کے 2 لاکھ 48 ہزار 2 سو 30 پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ڈاکٹر عدنان منیر تنیو، ڈی ایچ او جامشورو ڈاکٹر عبدالحمید کھونہارو، ڈاکٹر جمشید خانزادہ، ڈاکٹر راج بترا، ڈی ایم پی پی ایچ آئی شفیق الرحمن آگرو، ایم ایس ڈاکٹر برکت علی لغاری، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ڈاکٹر رضا پنہور کے علاوہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، تعلیم، صحت، روینیو ، این جی اوز کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :