ضلعی انتظامیہ پشاور کا تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن، 8 کنال اراضی واگزار، 18 غیر قانونی عمارتیں مسمار

جمعرات 27 مارچ 2025 19:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے تحت فیز تھری چوک میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر ہونے والے اس گرینڈ آپریشن میں 18 غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کیا گیا جبکہ تجاوزات مافیا سے 8 کنال قیمتی سرکاری اراضی کو واگزار کرا لیا گیا۔

واگزار کرائی گئی اراضی کی مجموعی مالیت 2.5 ارب روپے سے زائد ہے، جو قبضہ مافیا نے غیر قانونی طور پر قابض کر رکھی تھی۔ اس وسیع پیمانے پر کیے گئے آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، پی ڈی اے، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ، سول ڈیفنس اور ریونیو حکام نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے اس میگا آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راؤ ہاشم عظیم نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) داؤد سلیم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (ٹاؤن) ہارون سلیم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ) سید بشارت حسین، اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (پی ڈی اے) حسینہ کامران بھی اس کارروائی میں شریک رہے۔

آپریشن کے دوران جدید مشینری اور بھاری نفری کے ساتھ تجاوزات کو ختم کیا گیا، جبکہ غیر قانونی تعمیرات میں شامل دیگر عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور عید الفطر کے بعد اس مہم کو دیگر علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کسی دباؤ یا سیاسی مداخلت کو خاطر میں نہیں لائے گی اور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر قانونی تعمیرات سے گریز کریں اور سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :