رمضان المبارک کا آخری جمعہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور مظلومین فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا، راجہ ناصر عباس جعفری

جمعرات 27 مارچ 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) مجلس وحدت مسلمین(ایم ڈبلیو ایم) پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور مظلومین فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یوم القدس کے طور پر بھرپور انداز میں منایا جائے گا، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام ریلیاں، مظاہرے اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے فلسطین صیہونیت کے ناجائز قبضہ میں ہے، بین الاقوامی لابیاں فلسطینیوں کو نابود کرنے کے درپے ہیں، ظلم و ستم کم ہونے کی بجائے بڑھتا چلا گیا۔

(جاری ہے)

اس وقت سرزمین فلسطین سراپا احتجاج ہے، اسرائیل کو روکنے کا کوئی نام نہیں لیتا، فلسطینیوں کا اپنی سرزمین کا دفاع ا ن کا حق ہے، فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، عالمی طور پر منایا جانے والا یوم القدس عوام کے اظہار کا دن ہے، کل ہم یوم القدس منائیں گے، ہم فلسطینیوں کو پیغام دیں گے کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، کل کا دن ظلم کے خلاف وحدت کا دن ہو گا، فرزندان اسلام فلسطینیوں کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ بھی یوم القدس کے موقع پر بھرپور ٹرانسمیشن چلائے، عوام نے مسئلہ فلسطین کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی ہوئی ہے جو بھی فلسطین کے خلاف جائے گا رسوا ہو گا۔