Live Updates

گلگت بلتستان میں بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، ایک شخص جاں بحق

جمعرات 27 مارچ 2025 22:35

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)گلگت بلتستان کے علاقے استور کے قریب لینڈسلائیڈنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔عہدیدار ریسکیو 1122 وزیر اسد نے بتایاہے کہ شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں استور سے دشکان تک سڑک 24گھنٹے سے بند ہے، ایک کار مٹی کے تودے کی زد میں آگئی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

دریں اثناء ضلع استور اور گلگت کا زمینی رابطہ بھی لینڈ سلائیڈنگ سے منقطع ہوگیا۔ایک مقامی رہائشی رفیع اللہ نامی نے بتایا کہ استور میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بند ہوگئی۔گلگت بلتستان حکومت کے مطابق اپر کوہستان اچھر نالہ کے علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے گلگت بلتستان اور راولپنڈی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ہارون نے جاری بیان میں مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوٹلوں میں رہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر سفر سے گریز کریں۔

ترجمان بلتستان پولیس غلام محمد نے ایک بیان میں کہاکہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ بلتستان 2مقامات پر بند ہو گئی، جس سے گلگت اور بلتستان کے 4اضلاع کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے بہت سے مسافروں اور سیاحوں کو پھنسے چھوڑ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک مزید برف باری اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات