قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت

جمعہ 28 مارچ 2025 08:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر ہونے والے افسوسناک دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور غیر انسانی فعل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گرد عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے کے ناپاک عزائم رکھتے ہیں، مگر ریاست اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔سیدال خان نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی جب تک کہ ملک میں مکمل امن و استحکام قائم نہ ہو جائے۔