ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر کا امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کیلئے پولیس چوکیوں کا اچانک دورہ

جمعہ 28 مارچ 2025 17:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر نے امن و امان کے قیام، سکیورٹی انتظامات، پولیس کارکردگی کا جائزہ لینے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے چوکی رجڑ اور چوکی سرکی کا اچانک دورہ کیا۔ دورہ رجڑ کے موقع پر انچارج چوکی کاشف خان کی غیر موجودگی اور ڈیوٹی میں غفلت پر سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں فوری طور پر معطل کرکے کلوز ٹو لائن کردیا گیا۔

ڈی پی او چارسدہ نے دونوں چوکیوں میں سکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا، جن میں چوکیوں کے انفراسٹرکچر، حدود میں نصب خاردار تاریں، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت، موجود نفری کی حاضری، چوکی کا ریکارڈ، اسلحہ، سٹور، صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام انتظامات کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے سائلین سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل بغور سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، فوری داد رسی اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مکمل انصاف یقینی بنایا جائے۔

ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے واضح کیا کہ ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس چوکیوں کے اچانک دورے جاری رہیں گے تاکہ پولیس فورس کی کارکردگی کو مؤثر بنایا جا سکے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔