گورنرخیبرپختونخوا سے امامیہ جرگہ کے وفد کی ملاقات

محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،فیصل کریم کنڈی

پیر 23 جون 2025 18:43

گورنرخیبرپختونخوا سے امامیہ جرگہ کے وفد کی ملاقات
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امامیہ جرگہ خیبرپختونخوا کے نمائندہ وفد نے صدر فرزند علی بنگش کی قیادت میں گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری سردار عقیل حسین، رابطہ سیکرٹری سردار ابراہیم حسین اور دیگر اکابرین ملت جعفریہ شامل تھے۔ ملاقات میں محرم الحرام کے انتظامات اور صوبہ کے حساس اضلاع بالخصوص پاڑا چنار اور ڈی آئی خان میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنرنے وفد کی معروضات غور سے سنیں اور ان کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ گورنرنے کہاکہ صوبے کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کاسامناہے، خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع بالخصوص ضم ضلع کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان انتہائی حساس اضلاع ہیں، محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے سب کو مشترکہ کردار ادا کرناہوگا اور ایسے میں بین المسالک رواداری اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا صوبہ بھر میں محرم الحرام کے انتظامات اور سیکیورٹی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پروفد نے گورنر کی دلچسپی اور تعاون پرانکا شکریہ ادا کیا۔