Live Updates

بلوچستان میں دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری، ہرمسئلے کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں ، سرفرازبگٹی

پیر 23 جون 2025 18:39

بلوچستان میں دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری، ہرمسئلے کا حل بات چیت سے چاہتے ..
جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد بلوچستان کے نوجوانوں کو خودکش بنارہے ہیں جبکہ ہم ان کے لیے آکسفورڈ اور ہارورڈ یونیورسٹیز کے دروازے کھول رہے ہیں، بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے، ہم ہر مسئلے کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے وہ ڈائیلاگ کے بجائے بندوق کے ذریعے بات کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں چیف وہیپ میر اعجاز حسین جکھرانی سے والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے دہشت گردوں کا کوئی قوم و قبیلہ نہیں ہوتا وہ صرف دہشت گرد ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر مسئلے کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اگر بلوچستان کے مسئلے کا حل بات چیت سے نکلتا ہے تو اس خوبصورت بات اور کیا ہوسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے بلوچستان کے مسئلے پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں بلکہ بندوق سے بات کی جارہی ہے اگر وہ بندوق کے ذریعے بات کریں گے تو ہم بھی ان کو ایسے ہی جواب دے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی ہم سپورٹ کررہے ہیں ہم ان کو یونیورسٹیز اور کالجز میں مصروف کررہے ہیں اور تعلیم کی طرف راغب کررہے ہیں، بلوچستان میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسکالر شپ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے ذریعے ہم بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے آکسفورڈ اور ہارورڈ سمیت دنیا بھر کی بہترین یونیورسٹیز کے دروازے کھول رہے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کو دہشت گرد خودکش بنا رہے ہیں اور ہم انہیں آکسفورڈ اور ہارورڈ یونیورسٹیز میں بھیج رہے ہیں یہی ہم میں اور ان میں فرق ہے۔

(جاری ہے)

لاپتہ افراد کے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے لاپتہ افراد کا معاملہ متنازعہ ہے اس بات کو طے کرنا کہ کس نے کس کو غائب کیا ہے اور کیا انہیں زبردستی غائب کیا گیا ہے یا وہ خود غائب ہوچکے ہیں اور تعداد کا معاملہ بھی متنازعہ ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے اس معاملے پر بلوچستان اسمبلی میں خاص قانون سازی کی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے الزامات ریاست یا ریاستی اداروں پر نہ لگیں اور الزامات کا راستہ ہمیشہ کے لیے روک دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے پوری قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے، بلوچستان کا بارڈر ایریا ایران سے ملتا ہے ہم نے وہاں خوراک سمیت دیگر تمام انتظامات کا پلان بنالیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹ کرسکیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ جیکب آباد میں جعفرایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، جیکب آباد بلوچستان کے بارڈر پر واقع ہے بارڈر ایریا میں ایسا واقعہ پہلی مرتبہ ہوا ہے ہمارا فرض ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے حالات کو بہتر کیا جاسکے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات