میانمار زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی، 2 ہزار سے زائد افراد زخمی، ایمرجنسی نافذ

زلزلے کے باعث متعدد رہائشی عمارتیں گر گئیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے جب کہ شہر کا انفرا اسٹریکچر بری طرح تباہ ہوگیا، میانمار کی فوجی حکومت نے عالمی برادری اور تنظیموں سے مدد کی درخواست کردی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 29 مارچ 2025 11:15

میانمار زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی، 2 ہزار سے ..
میانمار(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 مارچ 2025)میانمار میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ،زلزلے کے باعث متعدد رہائشی عمارتیں گر گئیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے جب کہ شہر کا انفرا اسٹریکچر بری طرح تباہ ہوگیا،میانمار کی فوجی حکومت نے کئی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عالمی برادری اور تنظیموں سے مدد کی درخواست کی ہے۔

میانمار کے فوجی رہنماوں کا کہنا ہے کہ کل آنے والے طاقتور زلزلے میں ملک بھر میں مجموعی طور پر 1,002 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق دو ہزار 376 افراد زخمی جبکہ 30 تاحال لاپتہ ہے۔ 694 افراد منڈلے۔ 94 دارالحکومت نیپیئی داو، 30 کیاک سی اور 18 ساگائنگ میں ہلاک ہوئے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار میں 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیمیں ملبے میں دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں، زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ بھی ظاہر کیاگیا ہے۔ یہ تعداد دس ہزار کے درمیان ہوسکتی ہے۔بنکاک میں بھی فلک بوس عمارتیں لرز ا±ٹھیں۔ لگڑری ہوٹلز کی چھت پر بنے سوئمنگ پول کا پانی آبشار کی طرح زمین پر گرنے لگا۔

زلزلے میں ایک مسجد کا کچھ حصہ بھی منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بنکاک میں زلزلے کے باعث مختلف واقعات میں کم از کم 8 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے کے اثرات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی محسوس کئے گئے تھے جس سے فلک بوس عمارتیں چند لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔

دوسری جانب میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے کے بعد پاکستانی شہریوں کی مدد کیلئے سفارتخانے الرٹ ہوگئے۔پاکستانی سفارتخانے یانگون اور بینکاک میں ہنگامی صورتحال میں معاونت فراہم کریں گے جبکہ وزارت خارجہ میں کرائسز منیجمنٹ یونٹ فعال کردیا گیا ہے۔پاکستانی شہریوں کی ہنگامی مدد کے لیے وزارت خارجہ نے نمبرز بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔