کرگل ،جمعۃالوداع کو ”یوم قدس“ کے طور پر منایا گیا، اسرائیل کے خلاف شدید احتجاج

ہفتہ 29 مارچ 2025 15:37

کرگل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں لداخ کے علاقے کرگل میں ہزاروں لوگوں نے جمعتہ الوداع کو” یوم قدس“ کے طور پر منایا اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق معروف عالم دین شیخ ابراہیم خلیلی کی قیادت میں احتجاجی ریلی اسنا عشریہ کیمپس کرگل سے شروع ہوئی جو مین بازار اور لال چوک سے ہوتی ہوئی اسنا عشریہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں بڑی تعداد میں علمائ، نوجوان اور سول سوسائٹی کے ارکان شریک تھے ۔ ریلی کے شرکا نے فلسطین میں نسل کشی اور جنگی جرائم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ” فلسطین کو آزاد کرو، اسرائیل کا بائیکاٹ کرو، مسلمانوں کے خلاف مظالم بند کرو“جیسے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت، جنگی جرائم اور فلسطینی شہریوں کی منظم نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مردوں، عورتوں اور بچوں کا قتل عام عالمی ضمیر پر داغ ہے۔

انہوں نے فلسطین کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مسجد الاقصیٰ پر ناجائز قبضے کی مذمت کی۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی رہنماوئوں سے مداخلت اور اسرائیل کی نسل پرست حکومت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے اختتام پر شیخ ابراہیم خلیلی نے عالمی امن، خوشحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعا کی۔