یونیورسٹی آف سرگودھا کے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے سٹوڈنٹس کاسیف لائف تھیلسیمیا سینٹر کے مریض بچوں میں عید گفٹس کی تقسیم

ہفتہ 29 مارچ 2025 15:56

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے سٹوڈنٹس نے خصوصی عید گفٹ بچوں میں تقسیم کیے جبکہ بیت المال کی جانب سے بچوں میں لنچ باکس تقسیم کیے گئے۔ پاکستان میں جہاں لوگ عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں وہاں پر سیف لائف تھیلسیمیا سینٹر میں مریض بچوں کو زندگی کی امید دلانے کے لیے خون کے عطیات دینے کے ساتھ ساتھ بچوں کو خوشیاں فراہم کرنے کے لیے ان میں تحائف تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

عید المبارک کی مناسبت سے سیف لائف تھلسیمیا سینٹر میں جہاں بچوں کو خون کے عطیات دینے کا سلسلہ جاری تھا وہاں پر ان بچوں کو عید کے تحائف کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئی سرگودھا کے علاوہ خوشاب جھنگ میانوالی سکیسر کوٹ مومن شاہپور بھیرہ اور اسی طرح مختلف شہروں سے مریض بچوں کی بڑی تعداد کو خون کی تبدیلی کے عمل سے گزارا گیا تاکہ وہ صحت مند بچوں کی طرح زندگی کی بہاریں دیکھ سکیں سینکڑوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اس سینٹر میں مریضوں کو خون لگایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

سینٹر کے انچارج ڈاکٹر تنویر سلہریا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تھیلسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی تعداد میں اضافہ انتہائی تشویش ناک ہے یہ سینٹر اپنی مدد آپ کے تحت مریض بچوں کو خون فراہم کرتا ہے اور مخیر حضرات کے تعاون سے یہ سینٹر چل رہا ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث اس سینٹر میں مالی مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔