صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں

ہفتہ 29 مارچ 2025 23:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2025ء) صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں مصنوعی مہنگائی اور قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والے دکانداروں اور میگامارٹ کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، رمضان المبارک کی طرح عیدالفطر کی آمد کے موقع پر بھی محکمہ خوراک نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں راشننگ کنٹرولر پشاور توصیف اقبال کی زیرنگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز شاہد علی خان اور کمال احمد نے فوڈ انسپکٹرز مسعود الرحمٰن اور بلال آفریدی کے ہمراہ پشاور میں قصاب خانوں، کریانہ سٹورز، سبزی فروشوں اور بیکریوں پر چھاپے مارے، اس دوران رنگ روڈ پر ایک معروف میگامارٹ سمیت متعدد دکاندار حکومت کی جانب سے جاری سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے جس پر انھیں نوٹسز جاری کرکے انکے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، راشننگ کنٹرولر پشاور، توصیف اقبال نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر اور سیکرٹری خوراک کی سخت ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کسی صورت برداشت نہیں، سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دکاندارو ں کی جانب سے زائد قیمتوں کی وصولی کی شکایات متعلقہ حکام کو رپورٹ کریں، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔