مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید میں لاکھوں افراد کی شرکت

پاکستان کی بوہرہ برادری بھی آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 10:56

مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید میں لاکھوں افراد کی شرکت
مکہ مکرمہ/کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2025ء ) سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ریاستوں میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، اسی سلسلے میں مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی جب کہ پاکستان کی بوہرہ برادری بھی آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور کئی خلیجی ریاستوں میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد آج عید الفطر پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، سعودی عرب میں عید الفطر کی نماز کے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ اور مسجد اقصیٰ میں منعقد ہوئے، مسجد الحرام میں نماز عید کی امامت الشیخ عبدالرحمن السدیس نے کی جب کہ مسجد نبوی ﷺ میں نمازعید شیخ عبداللہ کی امامت ادا کی گئی جہاں لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی، عیدالفطر کے خطبے کے بعد عالم اسلام کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، اسی طرح فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے مسجد الاقصیٰ میں عید کی نماز ادا کی، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین سمیت زیادہ تر خلیجی ممالک میں آج عید ہے، امریکہ، برطانیہ، فرانس اور ترکیہ میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں داؤدی بوہرہ برادری آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، نماز عید کے اجتماعات میں ملک و قوم کی بقا، سالمیت، امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، بوہرہ برادری کا عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع کراچی کے علاقہ صدر کی طاہری مسجد میں ہوا جہاں بڑی تعداد میں بوہرہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے نماز عید ادا کی، علاوہ ازیں پان منڈی، سولجر بازار، بلوچ کالونی، نارتھ ناظم آباد اور حیدری میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں داؤدی بوہرہ جماعت کے افراد نے نماز عید ادا کی اور اس موقع پر ملک میں امن و استحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ایران، عمان، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی، آسٹریلیا، بھارت اور بنگلادیش میں چاند نظر نہ آنے کے باعث پیر کے روز عیدالفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے، یونان سمیت یورپ بھر میں بھی کل عید الفطر منائی جائے گی، یونان میں سرکاری طور پر اعلان کر دیا گیا، آسٹریا کی اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی کل عید منانے کا اعلان کیا ہے۔