ڈسٹرکٹ پولیس سرگودھا کی جانب سے چاند رات اور عیدالفطر کے حوالے سے جامع سکیورٹی پلان جاری

اتوار 30 مارچ 2025 17:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر چاند رات اور عیدالفطر کے حوالے سے جامع سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ۔ چاند رات اور عیدالفطر پر 15 سو سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ٹریفک سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔

تاہم کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لیئے بازاروں اور مارکیٹوں میں سول پارچات میں بھی پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر سرگودھا پولیس کی جانب سے چاند رات اور عید الفطر کے لیے جامع سکیورٹی پلان اور ٹریفک پلان کے مطابق 15 سو سے زائد پولیس افسران اور جوان ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کو برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیئے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پرناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ کے عمل کو سخت کیا جائے۔انکا کہنا تھا کہ ضلع میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں اور ان میں موجود سامان کی مکمل چیکنگ کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور سماج دشمن عناصروں کے خلاف بھرپور کاروائیاں بھی جاری رکھی جائیں۔

چاند رات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی اور ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کی سخت ممانعت ہے۔اس سلسلے میں تمام ڈی ایس پیز صاحبان کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ جس بھی علاقے سے بھی ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔اس کے علاوہ ڈی ایس پیز کو ہدایت کی گئی کہ عید الفطرکے اجتماعات کی سکیورٹی کو فل پروف بنانے کے لیئے تمام عید گاہوں اور بڑی مساجد میں سفید کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔

مزید یہ کہ عید کے ایام میں شہر کی سکیورٹی کے حوالے سے پولیس چیکنگ پوائنٹس پر موبائل کی گشت کو بڑھایا گیا ہے۔اسی طرح ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیئے موثر اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔چاند رات کو تمام ٹریفک سٹاف ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیگا, انہوں نے عوام کو چاند رات کو ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک خاموش قتل ہے آپ کی بندوق سے نکلی ہوئی گولی کسی کا ہنستا بنستا گھر اجاڑ سکتی ہے۔اور کسی کو زندگی بھرکے لیئے معذور کر سکتی ہے۔اس لیئے خود بھی اس غیر قانونی فعل سے اجتناب کریں اور دوسروں کو بھی اس قبیح فعل سے بچنے کی تلقین کریں۔تاہم خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلا ف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔