عید کے موقع پر کم وسیلہ طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کیا جائے ، صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ

اتوار 30 مارچ 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2025ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء صوبائی جنرل سیکرٹری سینئر صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے عیدالفطر کے موقع پر ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ یہاں جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہاکہ عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، آج ہم سب اپنی خوشیوں میں غریبوں اور کم وسیلہ طبقات کو شریک کریں عید الفطر کا حقیقی معنی عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہے اور عام آدمی کا احساس کرنے سے ہی عید کا لطف دوبالا ہوگا۔

حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی مشکلات کا شکار طبقے کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے۔ مستحق اور بے سہارا افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے سے خوشیوں کو چار چاند لگتے ہیں وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، ہمیں چائیے کہ اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور ان لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا کہ آج ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کے عظیم والدین اور اہل خانہ کو بھی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ عیدالفطر کے موقع پر ہم شہداء کے عظیم اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تشکر کے اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبات کو فروغ دیں۔