چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس کی پاکستانی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد

پیر 31 مارچ 2025 00:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے پاکستانی عوام کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عیدالفطراتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری کی علامت کے طور پر منائی جاتی ہے۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کے لیے عید کی اصل روح اس اعزاز میں مضمر ہے کہ وہ اپنی عزیز قوم کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں، چاہے اس راہ میں انہیں اپنے اہل خانہ سے دور رہنا پڑے۔

(جاری ہے)

وہ ملک میں امن، ترقی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ بیان کے مطابق یہ مبارک موقع ہمیں ان قومی ہیروز کی بے مثال بہادری اور عزم پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ہماری آزادی اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں۔ مسلح افواج ان بہادر جوانوں کی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کی لازوال حمایت کی بے حد قدر کرتی ہیں۔ عید کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ محبت، احترام اور یکجہتی کے اس پیغام کو اپنائیں، وہی اصول جو ہماری عظیم قوم کی پہچان ہیں۔