عید الفطر پر نئی اور پرانی فلمیں ریلیز ،فلم’’قلفی ‘‘سرفہرست

پیر 31 مارچ 2025 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) عید الفطر کے موقع پر جہاں نئی فلمیں ریلیز کی گئی ہیں، وہیں شائقین کے لیے ان کی پسندیدہ پرانی فلموں کو بھی ریلیز کردیا گیا ہے ۔ عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلموں میں فلم ’جوانی پھر نہیں آنی، ٹچ بٹن، پنجاب نہیں جاؤں گی، کیری آن جٹا 3 ، جوانی پھر نہیں آنی ٹو اور تیری میری کہانیاں‘ شامل ہیں ۔

اسی طرح اس بار ملک بھر میں پنجابی بھارتی فلموں سمیت جنوبی بھارتی فلمیں ،انڈونیشن اور جرمن فلموں سمیت ہولی وڈ فلمیں ریلیز کی گئی ہیں۔عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی نئی فلموں میں شہروز سبزواری اور سعیدہ امتیاز کی فلم’’قلفی ‘‘سرفہرست ہے جبکہ فلم ’لمبی جدائی، کبیر اور عشق لاہور‘ جیسی نئی فلمیں بھی ریلیز کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی نژاد امریکی اداکار شاز خان کی انگریزی میں بنائی گئی فلم ’مارشل آرٹسٹ‘ بھی ریلیز کی گئی ہے۔

بابر علی، شہروز سبزواری، جاوید شیخ، معمر رانا اور سعیدہ امتیاز کی کاسٹ پر مبنی فلم ’قلفی‘ کو اس عید کی سب سے بڑی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔فلم ’’عشق لاہور‘‘ کی کاسٹ میں جاوید شیخ اور صائمہ نور شامل ہیں ۔فلم لمبی جدائی میں بابر علی، حریم فاطمہ، طیب خان اور فضا مرزا ہیں ۔پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز شاز خان کی فلم’’ مارشل آرٹسٹ‘‘ انگریزی زبان میں بنائی گئی ہے، تاہم فلم کی کہانی پاکستانی سماج پر مبنی ہے۔