وطن کی حفاظت کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھا جائے ،سینئر صوبائی وزیر

پیر 31 مارچ 2025 18:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2025ء) سینئر صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے آج ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کے عظیم والدین اور اہل خانہ کو بھی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے عید ملنے آئے ہوئے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیرنے ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کو عیدالفظرکی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم سب اپنی خوشیوں میں غریبوں اور کم وسیلہ طبقات کو شریک کریں، عید الفطر کا حقیقی معنی عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہے اور عام آدمی کا احساس کرنے سے ہی عید کا لطف دوبالا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ عیدالفطر کے موقع پر ہم شہداء کے عظیم اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تشکر کے اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبات کو فروغ دیں۔