آزادی کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،حریت کانفرنس

حریت کانفرنس کا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

بدھ 2 اپریل 2025 10:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام کے صبر واستقامت اور عزم وہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ آزادی کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے اپنے عید پیغامات میں شدید مشکلات کے باوجود آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیری عوام اور حریت قیادت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے فلسطین اور کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص غیر ملکی قبضے اور جبر سے متاثرہ مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے پیغامات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت اور اس کی افواج کی طرف سے جاری ظالمانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارتی حکومت تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لئے کوئی نیا ڈرامہ رچاسکتی ہے اور علاقے میں حالات معمول کے مطابق ظاہر کرکے تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے جھوٹا بیانیہ پیش کر سکتی ہے۔

انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ کشمیریوں کو درپیش مشکلات کو دور کرے اور انہیں آزادی اور سکون نصیب کرے۔انہوں نے کشمیر کاز کے لیے قربانیاں دینے والے کشمیری عوام کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے حق خودارادیت کے مطالبے کو آگے بڑھانے میں جیلوں کے اندر اور باہر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی کوششوں کی تعریف کی۔