ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی اولڈ ایج ہوم میں عید کے تحائف کی تقسیم

بدھ 2 اپریل 2025 10:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) شیڈ ٹرسٹ اولڈ ایج ہوم مسکن میں گزشتہ بارہ سال سے اپنوں کے ٹھکرائے ہوئے لاوارث بہ سہارا خواتین وحضرات کو زندگی کی جملہ ضروریات فراہم کرنے کے لئے خدمات سر انجام دے رہا ہے، شیڈ ٹرسٹ نے ہمیشہ اپنی مثالی خدمات کے ذریعے معاشرے کے سب سے زیادہ محتاج طبقے کی مدد کی ہے، خاص طور پر ان لاوارث بہ سہارا بزرگوں کی جو سماجی طور پر نظرانداز شدہ اور اپنوں کے ٹھکرائے ہوئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اولڈ ایج ہوم مسکن میں عید کے دوسرے روز بے سہارا خواتین وحضرات میں عید تحائف تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیڈ ٹرسٹ نے ہمیشہ خدمت خلق کے جذبے سے لاوارث بہ سہارا بزرگوں کی عزت و تکریم کو مقدم رکھ کر ان کی زندگی بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے ہیں، شیڈ ٹرسٹ نے اولڈ ایج ہوم مسکن جیسا ہترین ادارہ قائم کر کے ضعیف العمر بزرگوں کی زندگیوں میں خوشیاں بڑھائی ہیں بلکہ معاشرتی ذمہ داریوں کی ایک نئی مثال بھی قائم کی ہے،شیڈ ٹرسٹ کا مشن حقیقت میں انسانیت کی خدمت ہے، جو ہمارے معاشرتی اقدار کے عین مطابق ہے،شیڈ ٹرسٹ نے اولڈ ایج ہوم مسکن جیسے ادارے کے ذریعے ان بزرگ افراد کو ایک محفوظ پناہ گاہ فراہم کی ہے، جہاں نہ صرف رہائش خوراک پوشاک ، ادویات ، جملہ سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، بلکہ ان کی صحت ، دیگر جذباتی ضروریات کو بھی پورا کیا جاتا ہے،اس ادارے نے اپنے وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے بزرگوں کی زندگی کو راحت و سکون دینے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شیڈ ٹرسٹ کے رضا کاروں ،رفقائے کار اور پوری ٹیم کی محنت، عزم اور لگن کو سراہا جنہوں نے اس ادارے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شیڈ ٹرسٹ کی کامیابی اس بات کی غماز ہے کہ اگر کسی کام کو دل سے کیا جائے تو وہ معاشرتی تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوتا ہے۔،آخر میں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شیڈ ٹرسٹ کی خدمات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔