محسن نقوی کی شہید کیپٹن محمد علی کے اہل خانہ سے ملاقات، عظیم قربانی کو خراج عقیدت

والدہ شہید بیٹے کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں ،وزیر داخلہ نے شہید کی والدہ کو دلاسہ دیا اور دلجوئی کی کیپٹن علی کی قربانی پاک فوج ،پوری قوم کی دہشتگردی کے خلاف ناقابل شکست عزم کی علامت ہے‘ گفتگو

بدھ 2 اپریل 2025 11:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی عید کے روز شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی رہائشگاہ ریلوے آفیسرز کالونی والٹن پہنچے جہاں ان کی والدہ، اہلیہ، معصوم بیٹی، اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

والدہ شہید بیٹے کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ ہماری سوچ علی سے شروع ہوتی تھی اور علی پر ہی ختم ہوتی تھی جبکہ معصوم بیٹی آیانا والد کی تصویر کو چومتی رہی اور والد کو ملنے والا میڈل گلے میں ڈال لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی والدہ کو دلاسہ دیا اور دلجوئی کی، انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارا اور شہید کی بہادری کو سراہا اور شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شہید کیپٹن علی قوم کا ہیرو ہے اور ان کے خاندان کا ہر طرح خیال رکھا جائے گا، مرحوم نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی لازوال قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن محمد علی قریشی نے وطن عزیز کی خاطر جان نچھاور کی، وہ وطن کا بہادر سپوت ہے جس کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، کیپٹن علی کی قربانی پاک فوج اور پوری قوم کی دہشت گردی کے خلاف ناقابل شکست عزم کی علامت ہے۔کیپٹن محمد علی قریشی 26 اگست 2024 کو بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔