ٹرمپ کے اقدامات نے سونے کو تاریخ کی ریکارڈ بلندی پر پہنچا دیا

38سالوں میں سونے کی ایک سہ ماہی میں قیمت میں اضافہ ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا

بدھ 2 اپریل 2025 13:00

ٹرمپ کے اقدامات نے سونے کو تاریخ کی ریکارڈ بلندی پر پہنچا دیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف عائد کیے جانے کے خدشات پر سونا 1986 کے بعد سہ ماہی ٹریک پر ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مختلف ممالک پر ٹیرف عائد کیے جانے کے اعلانات سے عالمی تجارتی جنگ وسیع ہونے کے امکانات بڑھ رہے ہیں جس کا اثر سونے کی قیمتوں پر پڑا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ کے اقدامات نے سونے کی قیمت کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے اور 1986کے بعد 38سالوں میں سونے کی ایک سہ ماہی میں قیمت میں اضافہ ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا ہے۔سونا جو روایتی طور پر سیاسی اور اقتصادی غیر یقینی کی صورتحال میں ایک بہترین سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ٹرمپ کے اقدامات کے باعث رواں سہ ماہی میں اب تک اس کی قیمت میں 18 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے جو ستمبر 1986 کے بعد کسی ایک سہ ماہی میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔