نوکنڈی میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

بدھ 2 اپریل 2025 17:10

نوکنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء) نوکنڈی میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ شہر بھر میں مختلف عیدگاہوں، مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لیویز فورس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

نمازِ عید کے بعد ملکی سلامتی، قومی ترقی، علاقائی خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر بلوچ خواتین اسیران کی رہائی کے لیے بھی دعا مانگی گئی۔ شہریوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا۔ سابق چیئرمین سینیٹ اور رکن بلوچستان اسمبلی محمد صادق سنجرانی نے اپنے آبائی علاقے نوکنڈی میں عید منائی۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ میر اعجاز خان سنجرانی اور عبدالودود خان سنجرانی بھی موجود تھے۔ عید کے پہلے اور دوسرے روز سنجرانی ہاؤس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔ نوکنڈی میں عید کے موقع پر خوشی اور بھائی چارے کی فضا قائم رہی، جبکہ عوام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ عید کی خوشیاں منائیں۔