چوہدری انوارالحق کی ایل او سی سماہنی سیکٹرکے اگلے مورچوں پر پاک آرمی کے جوانوں کیساتھ نماز عید الفطر کی ادائیگی

بدھ 2 اپریل 2025 17:50

سماہنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے سینئروزیر/وزیرداخلہ وقاراحمد نور کے ہمراہ عید الفطر کی نماز آبائی ضلع میں ایل او سی سماہنی سیکٹرکے اگلے مورچوں پر پاک آرمی کے جوانوں کے ساتھ ادا کی،وزیراعظم نماز عید کے بعد جملہ شرکاء سے عید ملے،مصحافہ کیا،بغل گیرہونے اور پاک فوج کے جوانوں کیساتھ گھل مل گئے۔

فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی،پاک افواج کے شہداء و غازیوں کوسلام پیش کیا،وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر کہاکہ وطن کی خاطر سرحد پر پہرہ دینے والے عظیم بہادر جوانوں کی خدمات کوسلیوٹ پیش کرتے ہیں، بریگیڈ کمانڈر فوراے کے بریگیڈئیرمحمدسعیداختر نے وزیراعظم کو خوش آمدید کہا اس موقع پر کمشنرمیرپور ڈویژن چوہدری مختارحسین ڈی آئی جی ڈاکٹرلیاقت حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے یہ بہادر شیردل جوان و افسران تحسین کے مستحق ہیں جو اپنے گھر بار،خاندان سے دور رہ کر سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں اور انکی قربانیوں کی بدولت ہم پرسکون نیند سوتے ہیں،جملہ سول و مسلح افواج کے شہداء کی قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں،آزادکشمیر حکومت ان بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ ہے خو بزدل دشمن بھارت کے خلاف سیسہ پلائی دیوارکی مانند ہیں،وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

پاکستان کی تکمیل کا خواب جلد پورا ہو گاجب مقبوضہ کشمیر بھی آزادہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔وزیر اعظم کے خطاب کے دوران مسلح افواج پاکستان کے جوانوں نے فلک شگاف نعرے لگائے نعرہ تکبیر پاکستان و مسلح افواج پاکستان ،ریاست آزادکشمیر زندہ باد کے نعروں سے فضاگونج اٹھی۔ڈپٹی کمشنر مرزا ارشدمحمودجرال،ایس ایس پی چوہدری محمد امین،کرنل احسان اللہ سومرو جام اظہر ایوب،حاجی ذوالفقار علی و دیگر بھی اس موقع پر ہمراہ تھے۔