کٹھوعہ ،بھارتی فورسز کے تین اہلکار وں کی ہلاکت کی اطلاعات، تلاشی آپریشن کا سلسلہ جاری

مقبوضہ کشمیر ،اقوام متحدہ کے دفتر بارے لیفٹیننٹ گورنر کا بیان مضحکہ خیز ہے ، حریت کانفرنس

بدھ 2 اپریل 2025 17:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے میں اقوام متحدہ کے دفتر کی بندش کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے بیان کو مسترد کر تے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اور کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرینگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی موجودگی علاقے کے متنازعہ ہونے کا ایک واضح ثبوت ہے۔ انہوںنے کہا کہ منوج سنہا کی طرف سے اقوام متحدہ کے دفتر کو بند کرنے کا بیان دنیا کو گمراہ کرنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے بے بنیاد بیانیے کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں ہرگز دھول نہیں جھونک سکتا۔ نئی دلی کے مسلط کر دہ لیفٹیننٹ گورنر نے آج سرینگر میں ایک انٹریو میں علاقے میں حالات کی بہتری کا بے بنیاد دعو ی کرتے ہوئے کہا کہ اب یہاں اقوام متحدہ کی دفتر کی ضرورت نہیں ہے۔

دریں اثنا، ضلع کٹھوعہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک حملے میں تین بھارتی فوجیوں کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جا رہا کہ ضلع کے علاقے پنجتیرتھی Panjtirthiمیں بھارتی فوجیوں کی ایک گاڑی پر حملہ کیا گیا۔ حملے میں تین فوجی ہلاک ہو گئے۔ علاقے میں بھارتی فورسز کا آپریشن گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے کٹھوعہ اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میںآپریشن کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا۔ قابض بھارتی اہلکار ان کارروائیوں کے دوران لوگوں کو ہراساں اور انہیں آزادی کے حامی کارکنوں کے خلاف بطور مخبر کام کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔