گوجرانوالہ ،عیدالفطر کی آمد ہر ایک کے لئے باعث رحمت ہے اور اسیران بھی عیدالفطر کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں،کمشنر، آر پی او کی دارلامان کے دورہ کے موقع پر گفتگو

بدھ 2 اپریل 2025 18:10

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) کمشنر سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سی پی او محمد ایاز سلیم رانا اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقرا مبین کے ہمراہ عیدالفطر کے موقع پر دارلامان کا دورہ کیا۔ انہوں نے دارلامان میں مقیم خواتین کے ساتھ چند لمحے گذارے، انہیں عید کی مبارکباد دی اور خواتین میں عید کی خوشی میں عید گفٹ اور مٹھائی تقسیم کی بعدازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا، ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ممبر صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے کمشنر سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سی پی او محمد ایاز سلیم رانا کو سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

افسران نے اسیران کو عیدالفطر کی مبارک باد دی اور ان میں تحائف اور مٹھائی تقسیم کی۔ سپریٹنڈنٹ جیل جام آصف بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عیدالفطر کی آمد ہر ایک کے لئے باعث رحمت ہے اور اسیران بھی عیدالفطر کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں اسیران کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے بابرکت دن کے موقع پر دعا ہے کہ تمام اسیران اسلامی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے زندگی گزاریں اور ماضی کی کوتاہیوں کو بھول کر نیکی کے راستے پر چلیں۔\378