والڈ سٹی اور گورنمنٹ آف پنجاب کے زیر اہتمام تاریخی شاہی گزرگاہ پر ’’میلہ بہاراں‘‘4 اپریل سے شروع ہو گا،ترجمان

بدھ 2 اپریل 2025 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور گورنمنٹ آف پنجاب کے زیر اہتمام4 سے 6 اپریل تاریخی شاہی گزرگاہ پر شاندار ’’میلہ بہاراں‘‘ منعقد کیا جا رہاہے۔ ترجمان کے مطابق میلہ میں شرکت فری رکھی گئی ہے، فیمیلیز کیلئے مخصوص یہ میلہ موسم بہار اور لاہوری ثقافت کاایک شاندار جشن ہوگا، جو دہلی گیٹ سے شروع ہو کر مسجد وزیر خان چوک پر اختتام پذیر ہو گا۔

تقریب کی ایک اہم خصوصیت شاہی گزرگاہ موسم بہار پریڈجمعہ اور ہفتہ کی شام کو ہوگی۔ میلہ میں شرکت کرنے والوں کے لئے متنوع پرکشش سرگرمیوں کا انتظام کیا جا ئے گا،جن میں خوبصورتی سے بحال شدہ کوچہ حسین شاہ، لوک موسیقی کے رنگوں میں رنگی گلی سرجن سنگھ، مقامی دستکاریوں اور پرفارمنس کی نمائش سبیل والی گلی میں، اور وزیر خان چوک میں مینا بازار کی رونقیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فیسٹیول میں مختلف پرفارمنسز، ورکشاپس اور نمائشیں بھی پیش کی جائیں گی، جن میں پنجابی بولیاں، پتلی تماشا، لائیو میوزک اور داستان گوئی شامل ہوگی۔ میلہ بہاراں کے انعقاد میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو الائیڈ بینک ، گوبیزپینٹ ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن ، اخوت اور گورنمنٹ آف پاکستان کا تعاون حاصل ہے۔ والڈ سٹی آ ف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا کہ اس میلہ کو منعقد کرنے کا مقصد ایک ساتھ مل کر، لاہور کے تاریخی ورثے اور میلوں کی گمشدہ ثقافت کو از سر نو زندہ کرنا اور عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔