انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نماز عید الفطر پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی

بدھ 2 اپریل 2025 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کی۔ نماز عید الفطر کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اظہر اکرم، آئی جی موٹر وے راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل ائی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی /سی ٹی او ٹریفک اطہر وحید، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ڈی ائی جی آپریشنز لاہور محمدفیصل کامران، ایس ایس پیز، ایس پیز سمیت ریٹائرڈ و حاضر سروس اعلی پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

نماز عید الفطر کے بعد ملکی تعمیر و ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا پولیس کی یادگار پر سلامی دی۔ آئی جی پنجاب نے یاد گار شہدا پولیس پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کیلئے پنجاب پولیس کے جوانوں نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا، شہدا پولیس کی بے پایاں قربانیوں کی وجہ سے ہی آج ہم امن کی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ عید الفطر پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے،پنجاب پولیس عبادت گاہوں، اہم مقامات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔