عید الفطر کے موقع پر ہمیں غزہ کے شہید مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیے،ثروت اعجاز قادری

بدھ 2 اپریل 2025 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری اور کراچی ڈویژن کے صدر جواد قادری اور طلحہ ثروت نے عید الفطر کی نماز جامع مسجد کنز الایمان میں ادا کی جبکہ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے جامع السلیم میں نماز عید الفطر کی امامت و خطبہ دیا عالم اسلام اور ملک و قوم کی ترقی و کامرانی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔

عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے بعد مرکزی صدر اور سیکرٹری جنرل نے عوام سے عید ملی۔ثروت اعجاز قادری نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کی جانب سے تمام عالم اسلام کو عید الفطر بہت مبارک ہو۔رمضان میں کی جانے والی عبادتوں کے بدلے میں اللہ پاک کی طرف سے عید الفطر مسلمانوں کے لیے تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

اللہ تبارک و تعالی اپنے بندوں کو کبھی مایوس نہیں کرتا ہے۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں کی جانے والی عبادتوں اور دعاں کو اللہ پاک اپنی بارگاہ میں قبول و مقبول فرماتا ہے۔عید الفطر کے موقع پر ہمیں غزہ کے شہید مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔اسلام مخالف قوت ایک جگہ جمع ہو کر تمام مسلمانوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھا رہی ہیں۔تمام عالم اسلام کا آپسی اتحاد ہی اسلام مخالف قوتوں کی موت ہے۔پوری دنیا میں تمام اسلامی ممالک اور ریاستیں کفار کے نشانے پر ہیں۔

اسلامی ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر کے کفار ہمیں کمزور کرنا چاہ رہے ہیں۔آج پوری دنیا میں عید الفطر کے اجتماع دیکھ کر اسلام مخالف قوتوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔

عالم اسلام ان سازشوں کا کبھی بھی شکار نہیں ہوگا۔اسلام دشمن عناصر توہین رسالت توہین صحابہ و اہلبیت کر کے ہمارے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں۔کفار اگر ہماری ریڈ لائن کراس کریں گے تو تمام عالم اسلام انہیں مل کر منہ توڑ جواب دے گا۔مسلمانوں کو کمزور سمجھنے والے خوابوں کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔عالم اسلام کا ایک دوسرے سے تعلق کلمے کی بنیاد پر ہے۔سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔کفر کی ہمیشہ سے کوشش یہی رہی ہے کہ اسلام کو صف ہستی سے مٹا دیا جائے۔سازش کرکے مسلمانوں کو آپس ہی میں لڑا دیا جائے تاکہ وہ کمزور ہو جائیں۔اسلام مخالف قوتیں بھول جاتی ہیں کہ جب کلمے کی اور دین کی بات آتی ہے تو تمام مسلمان ایک ہیں۔