Live Updates

میں سرخرو ہو کر باہر آؤں گا اور آئندہ عید انشاء اللہ اپنی قوم کے ساتھ کروں گا

میرا اللہ کی ذات پر کامل ایمان ہے ظلمت کا کوئی بھی حربہ مجھے توڑ نہیں سکتا، ملک پر چھائے اندھیرے بہت جلد اختتام پذیر ہوں گے اور ہماری جدوجہد رنگ لائے گی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اہل وطن کو عید مبارک کا پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 2 اپریل 2025 20:09

میں سرخرو ہو کر باہر آؤں گا اور آئندہ عید انشاء اللہ اپنی قوم کے ساتھ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 02 اپریل 2025ء ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میں سرخرو ہو کر باہر آؤں گا اور آئندہ عید انشاء اللہ اپنی قوم کے ساتھ کروں گا، میرا اللہ کی ذات پر کامل ایمان ہے ظلمت کا کوئی بھی حربہ مجھے توڑ نہیں سکتا۔ تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں لیکن ان کے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’’ میری طرف سے تمام اہل وطن کو گزشتہ عید مبارک ‘‘ ، انہوں نے کہا کہ میرا اللہ کی ذات پر کامل ایمان ہے۔

ظلمت کا کوئی بھی حربہ مجھے توڑ نہیں سکتا۔ اس ملک پر چھائے اندھیرے بہت جلد اختتام پذیر ہوں گے اور ہماری جدوجہد رنگ لائے گی۔ مجھے اللّہ پر  پورا یقین ہے کہ میں سرخرو ہو کر باہر آؤں گا اور آئندہ عید انشاءاللہ اپنی قوم کے ساتھ کروں گا۔

(جاری ہے)

میں اپنی ذات کے لیے کچھ نہیں کر رہا یہ جو کچھ کر رہا ہوں صرف اپنی قوم کی فلاح کی خاطر کر رہا ہوں۔ اللہ کے سوا کسی کا خوف نہیں۔

میں نہ پہلے کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ اب کسی صورت جھکوں گا۔ میں اپنے نظریے پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا اور اپنی قوم کی جنگ آخری دم تک لڑوں گا۔ اردلی حکومت کی مکمل کوشش ہے کہ مجھے قید میں رکھا جائے کیونکہ ان کو اپنے اقتدار کی فکر ہے اور یہ جانتے ہیں کہ جس دن میں جیل سے  باہر آ گیا ان کا جعلی اقتدار زمین بوس ہو جائے گا۔ اسی لیے یہ مسلسل مجھے توڑنے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری سیاسی ملاقاتیں بھی نہیں کروائی جاتیں کیونکہ ان کو یہ خوف ہے کہ سیاسی ملاقات میں ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے اور اس سے ان کو اپنی کرسیوں کی فکر لاحق ہو جاتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے بچوں سے سات ماہ میں صرف دو بار بات کروائی گئی ہے اور اب دوبارہ کئی ہفتوں سے بات نہیں کروائی جا رہی۔ عید پر میری بچوں سے بات کروانی تھی مگر وہ بھی نہیں کروائی گئی۔ میری کتابیں تک روک لی گئی  ہیں۔ میرے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کو میری بارہا درخواست کے باوجود میرے معائنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہ سب بار بار عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر کے کیا جا رہا ہے لیکن چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتوں پر بھی قبضہ ہو چکا ہے اس لیے کوئی پوچھنے والا نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات