لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی ٹرمپ کی تجارتی جنگ کا مقابلہ کرنے کیلئے برطانیہ کوکینیڈا اور یورپ کے ساتھ متحدہ محاذبنانے کی تجویز

ٹرمپ نے ثابت کر دیا وہ معیشت کے حوالے سے ناقابل بھروسہ شراکت دار ہیں،ترجمان خارجہ امور لبرل ڈیموکریٹ

بدھ 2 اپریل 2025 21:45

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2025ء)برطانیہ کی اپوزیشن جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ برطانیہ کو کینیڈا اور یورپ کے ساتھ متحدہ محاذبنانا چاہیے تاکہ ٹرمپ کی تجارتی جنگ کا مقابلہ کیا جا سکے۔لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی چجانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ لبرل ڈیموکریٹس یورپ اور کینیڈا کے ساتھ مل کر ٹرمپ کی نقصان دہ تجارتی جنگ کے خلاف کھڑے ہونے کیلئے متحدہ محاذبنانے کا مطالبہ کر رہی ہے کیونکہ برطانیہ اپنی معیشت پر پڑنے والے نئے محصولات سے بچا میں ناکام رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے برطانیہ کو ٹرمپ کی جانب سے تمام امریکی برآمدات پر 20فیصد محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ حکومت صدر کی تجارتی جنگ سے برطانیہ کو استثنی دلانے میں ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

لبرل ڈیموکریٹس نے کہاہے کہ حکومت کی ٹرمپ سے قریب ہونے کی پالیسی کارگر ثابت نہیں ہوئی۔اس کے برعکس اب برطانیہ کو اپنے دولت مشترکہ کے اتحادی کینیڈا اور یورپ کے ساتھ مل کر ایک متحدہ محاذ بنانے کی ضرورت ہے، جس میں ایک نیا برطانیہ۔

یورپی یونین کسٹمز یونین معاہدہ بھی شامل ہو تاکہ ٹرمپ کی محصولات کی دھونس کا مقابلہ کیا جا سکے اور ان پر دبا ڈالا جا سکے کہ وہ تجارتی جنگ ختم کریں۔لبرل ڈیموکریٹ کے خارجہ امور کے ترجمان کیلم ملر ایم پی نے کہا ہے کہ ہفتوں تک ڈونلڈ ٹرمپ کے نقصان دہ رویے پر تنقید سے گریز کرنے کے باوجود، اب یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ حکومت ٹرمپ کی عالمی تجارتی جنگ میں برطانیہ کیلئے کوئی استثنیٰ حاصل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

ٹرمپ نے ثابت کر دیا کہ وہ معیشت کے حوالے سے ناقابل بھروسہ شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی حتی کہ امریکا کے پرانے ترین اتحادی بھی اس وائٹ ہاس کی معاشی تباہی سے محفوظ نہیں۔ ہمیں اس تجارتی جنگ کو جتنی جلدی ممکن ہو ختم کرنا ہوگا۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے کینیڈین اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر متحدہ محاذ بنائیں، جہاں ضروری ہو، جوابی محصولات بھی عائد کریں اور ساتھ ہی یورپی یونین کے ساتھ ایک نیا مخصوص کسٹمز یونین معاہدہ کریں تاکہ برطانوی کاروباری طبقے کو بہتر تحفظ دیا جا سکے۔