ٹرمپ کے نئے ٹیرف عائد کرنے کے اعلان پر اٹلی اور میکسیکو کا ردعمل،کسی کا فائدہ نہیں ہوگا،جارجیا میلونی

جمعرات 3 اپریل 2025 10:30

روم،میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے ٹیرف عائد کرنے کے اعلان پر اٹلی اور میکسیکو نے انتباہی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے فیس بک پر بیان میں یورپی یونین کے خلاف 20 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اقدام کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کسی کا بھی فائدہ نہیں، انہوں نے تجارتی جنگ سے بچنے کا راستہ تلاش کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جو بھی ہو سکا کریں گے تاکہ تجارتی جنگ سے بچا جا سکے کیونکہ اس سے مغرب دوسرے عالمی کھلاڑیوں کے مقابلے میں کمزور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ کوئی بھی ہو ہم ہمیشہ کی طرح وہی کریں گے جو اٹلی اور اس کی معیشت کے لیے بہتر ہو اور یورپی یونین کے شراکت داروں کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔ میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے کہا کہ وہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کریں گی کہ اس نئے ٹیرف سے ان کا ملک متاثر ہو گا یا نہیں۔ انہوں نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ ہماری دلچسپی صرف میکسیکو کی معیشت کو مضبوط کرنے میں ہے۔