آزاد کشمیر کے وزیر پاؤر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے عید الفطر مدینہ منورہ میں گزاری

جمعرات 3 اپریل 2025 13:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) آزاد کشمیر کے وزیر پاؤر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے عید الفطر مدینہ منورہ میں گزاری اس موقع پر انھوں نے عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی اس دوران مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب، اخوت و محبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی و مذہبی تشخص کا مظہر ہے۔

یہ دن اپنے اندر ہمدردی، ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔ عید الفطر کا مقدس موقع ہمیں اس امر کی بھی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں سادگی، قناعت اور اخوت کو فروغ دیں اور اپنے ان مسلمان بھائیوں کی مدد کریں جو مشکلات اور مصائب میں گھرے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مبارک موقع پر مجھے اپنے وہ بہن بھائی شدت سے یاد آ رہے ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کو حاصل کرنے کے لیے اپنی جانی و مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور 5 اگست 2019 کے بعد بدترین بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ہمیں مکمل یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کا بول بالا ہو گا۔ بھارتی حکمرانوں کو بھی حقائق تسلیم کرنا پڑیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین محکم ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی۔ ریاست کا پاکستان کے ساتھ جو تمدنی، جغرافیائی، اقتصادی اور روحانی تعلق ہے اسے کسی شاطرانہ حربے سے توڑا نہیں جا سکتا۔

وقت نے بار بار ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں قائم حکومتوں نے ہمیشہ کشمیر کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر ایک حقیقت کے طور پر ابھرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم عید کے اس مبارک موقع پر اپنے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھیں جو غربت، بیماری اور دیگر مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہمیں اپنی خوشیوں میں ان کو بھی شامل کرنا چاہیے تاکہ عید کی حقیقی خوشی سب کو نصیب ہو۔