Live Updates

شبلی فراز بھی عمران خان کی جانب سے سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنے کے فیصلے سے لاعلم نکلے

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹرسیف کوسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دینے کا علم نہیں، جب تک بانی پی ٹی آئی سے اس بات کا علم نہیں ہو گا کسی قیاس آرائی پر موقف نہیں دے سکتے،رہنماء پی ٹی آئی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 اپریل 2025 14:21

شبلی فراز بھی عمران خان کی جانب سے سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنے کے فیصلے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اپریل 2025)پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنے کے فیصلے سے لاعلم نکلے، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹرسیف کوسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دینے کا علم نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے اس بات کا علم نہیں ہو گا کسی قیاس آرائی پر موقف نہیں دے سکتے۔

بانی پی ٹی آئی کی شخصیت اور فیصلے پر کسی کو کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو 6 ماہ ہو گئے، عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہیں کرائی جا رہی ہے۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تین ججز کے عدالتی فیصلے کو نہیں مان رہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں رہنماءپی ٹی آئی شبلی فراز نے کہا کہ پارٹی میں گروپ بندیوں کی بات درست نہیں ہے۔

حماد اظہر پڑھے لکھے لیڈر ہیںان کی جانب سے استعفے پر افسوس ہوا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا بھی یہ کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کسی کوسٹیلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک نہیں دیا۔یاد رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور اور مشیر اطلاعات بیرسٹرسیف سے ملاقات کے دوران سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی ۔

جیل میں ہونے والی ڈھائی گھنٹے ملاقات کا محورسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھا اور علی امین گنڈاپور، بیرسٹرسیف بانی پی ٹی آئی عمران کو قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کوسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایات کیں کہ جب تک مذاکرات میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوتی اسے راز میں رکھا جائے گا۔ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کاکہنا تھا کہ میری ذاتی کوئی دشمنی نہیں ہے۔سٹیبلشمینٹ کے ساتھ پاکستان کے مفاد میں میں چلوں گا۔۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی سے ایک اور ملاقات کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات