مظفرآباد، نثارہ عباسی کی ریڈیو مظفرآباد کی خصوصی عید ٹرانسمیشن میں شرکت، ملک کی سلامتی، استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

جمعرات 3 اپریل 2025 22:57

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) آزادکشمیر حکومت کی مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن نثارہ عباسی نے ریڈیو مظفرآباد کی خصوصی عید ٹرانسمیشن میں شرکت کی ۔ مشیر حکومت نے تمام اہل اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی سلامتی، استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کے اس موقع پر ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کی بھائیوں اور بہنوں کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ مقبوضہ کشمیر جلد ہندوستان کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہو اور آرپار کے کشمیری مل کر عید منائیں۔ مشیر حکومت نے دہشتگردی کے خلاف اپنی جانوں کی قربانی دینے والے فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور لائن آف کنٹرول سمیت تمام ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف قوم متحد ہو کر اپنی فوج کا ساتھ دیں تاکہ ملک میں امن، سلامتی اور استحکام لایا جا سکے۔