جعلساز عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ، اقبال ساند

جمعہ 4 اپریل 2025 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء) جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن نے اپنے نام اور لیٹر ہیڈ کے ناجائز استعمال، جعلی عہدیداری کے دعویداران اور سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کیخلاف بھرپور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں صدر فیڈریشن اقبال ساند کو سیکریٹری جنرل قاضی مصطفی نے ایک مکمل تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جس پر فیڈریشن کی اعلیٰ قیادت نے مشاورت کے بعد فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

فیڈریشن کی کابینہ،جس میں سینئر نائب صدر ستار ترک، نائب صدور یوسف شیخ، بشیر قریشی، فنانس سیکریٹری فاروق شیخ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عامر الامین عرب، سینئر کوآرڈینیٹر سعید کھوکھر، ایاز منشی، جوائنٹ سیکریٹریز و دیگر شامل ہیں، نے مشاورت کے بعد یہ متفقہ فیصلہ کیا کہ فیڈریشن کے جعلی نمائندوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے رجوع اور ہتک عزت کے مقدمات بھی دائر کیے جائیں گے۔

ابتدائی طور پر غلام مصطفی خان (ترین) کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے جس نے خود کو جعلی طور پر آفس سیکریٹری ظاہر کر کے فیڈریشن کے لیٹر ہیڈ کا استعمال کیا۔ اس کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں جعلسازی کے مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ غلام مصطفی خان (ترین) مختلف سیاسی شخصیات، سرکاری و نجی اداروں سے ملاقاتیں کر کے فیڈریشن کی موجودہ قیادت کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا ہے۔

حال ہی میں اس نے جوناگڑھ کمیونٹی کے پلاٹ پر زیر تعمیر مڈ سٹی اسپتال کے خلاف سی بی سی اے اور ڈی سی آفس میں جھوٹی درخواستیں دائر کیںجس کے باعث اسپتال کی تعمیر عارضی طور پر روک دی گئی۔ فیڈریشن اب اس منصوبے کے دفاع اور قانونی معاملات کو نمٹانے میں مصروف ہے۔ مڈ سٹی اسپتال جس کا معاہدہ عبدالعزیز عرب اور مڈ سٹی انتظامیہ کے مابین طے پایا ہے، جوناگڑھ اسپتال، ریسرچ سینٹر اور لائبریری پر مشتمل ایک اہم فلاحی منصوبہ ہے جسے فیڈریشن ہر صورت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید انکشافات میں عبدالعلی (اسماعیلی) نامی شخص کا نام سامنے آیا ہے جس نے مرحوم نواب جہانگیر خانجی کے دور صدارت کا جعلی لیٹر ہیڈ استعمال کرتے ہوئے کے ایم سی محکمہ قبرستان کو ایک درخواست دی جس میں قبرستان کے کاغذات اور ریکارڈ اپنے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیااس نے قبرستان کی نگرانی کا جعلی دعویٰ کرتے ہوئے چار مزید ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کا بھی مطالبہ کیا۔

تحقیقات کے مطابق، فیڈریشن کو اصل میں نو ایکڑ قبرستان الاٹ ہوا تھا، مگر ماضی کے سابقہ عہدیداران کی طے شدہ خاموشی کے باعث قبرستان کے اردگرد دیگر جماعتوں کو اپنے قبرستانوں کی حدود میں فیڈریشن کے چار ایکڑ کو شامل کرایا گیا۔ اب عبدالعلی اور اس کے ساتھی اس مسئلے کو بنیاد بنا کر فیڈریشن کے خلاف منفی مہم چلا رہے ہیں۔ اس وقت کی کابینہ کی خاموشی پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور موجودہ قیادت اس سازش کو بے نقاب کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق غلام مصطفیٰ خان (ترین)، عبدالعلی (اسماعیلی) اور ان کا ایک ساتھی سلیم لودھی جوناگڑھی عوام کے نیشنلٹی کیسز میں بھی جعلسازی کے مرتکب پائے گئے ہیں یہ افراد فیڈریشن کے لیٹر ہیڈ کا استعمال کرتے ہوئے ایف آئی اے و دیگر محکموں میں جعلی نمائندہ بن کر سادہ لوح افراد سے نیشنلٹی کے کیسز کے بہانے رقم بٹورنے میں ملوث ہیں۔

جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان جعلسازوں سے ہوشیار رہیں اور صرف فیڈریشن کے مستند نمائندوں سے رابطہ کریں۔ فیڈریشن نے تمام اداروں سے اپیل کی ہے کہ ان افراد کو کوئی لیٹر ہیڈ جاری نہ کیا جائے اور ان کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ فیڈریشن کی قیادت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ان عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی تاکہ جوناگھری عوام کے فلاحی منصوبے کسی رکاوٹ کے بغیر مکمل کیے جا سکیں۔