سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کا دہشتگرد گروہوں کے زیر قبضہ ہتھیاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

دہشت گرد گروپس کے پاس افغانستان میں چھوڑے گئے اربوں ڈالر مالیت کے غیر قانونی ہتھیار موجود ہیں جو پاکستان کے شہریوں اور مسلح افواج کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آریا اجلاس میں پاکستانی مشن کے قونصلر سید عاطف رضا کا خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 اپریل 2025 12:21

سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کا دہشتگرد گروہوں کے زیر قبضہ ہتھیاروں ..
نیو یارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اپریل 2025)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے دہشتگرد گروہوں کے زیر قبضہ ہتھیاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا، دہشت گردوں کے پاس افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیار موجود ہیں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں پاکستان نے نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی، مجید بریگیڈ اور کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گردوں گروپوں کے جدید اور مہلک غیرقانونی ہتھیاروں کے حصول اور استعمال پرتشویش کا اظہار کیا۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی مشن کے قونصلر سید عاطف رضا نے کہا کہ دہشت گرد گروپس کے پاس افغانستان میں چھوڑے گئے اربوں ڈالر مالیت کے غیر قانونی ہتھیار موجود ہیں جو پاکستان کے شہریوں اور مسلح افواج کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نے دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے حصول اور استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان سے بلاروک ٹوک کارروائیاں کرتی ہے۔

قونصلر سید عاطف رضا نے مزید کہا کہ دہشتگردگروہوں کی ان ہتھیاروں تک رسائی کو روکا جائے ۔پاکستانی قونصلر نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی شراکت دار افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیاروں کے ذخیرے کوبازیاب کروائیں اور دہشتگرد گروپوں کی ہتھیاروں تک رسائی کو روکا جائے۔ غیرقانونی ہتھیاروں کی بلیک مارکیٹ کو بند کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

دہشت گرد تنظیموں کو مخالف ملک کی بیرونی امداد اور مالی معاونت حاصل ہے۔بین الاقوامی شراکت دار افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیاروں کے ذخیرے کوبازیاب کروانے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ دہشت گرد ان ہتھیاروں کو پاکستان کیخلاف ہونے والی کارروائیوں میں استعمال کررہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان 4 سال کیلئے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب ہوگیا۔

پاکستان کو 2026ءسے 2029ءتک چار سالہ مدت کیلئے منتخب کیا گیا۔نیویارک میں یو این اقتصادی و سماجی کونسل کے انتخابات میں پاکستان کا انتخاب عمل میں آیا۔پاکستان یواین مشن کے اعلامیے کے مطابق پاکستان یو این اقتصادی و سماجی کونسل کی حمایت پر مشکور ہے، کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب ہونا پاکستان پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا کہ گیا کہ پاکستان عالمی سطح پر انسداد منشیات کی کوششوں میں پیش پیش رہا ہے۔ پاکستان منشیات کی سمگلنگ، پیداوار اور استعمال کے خلاف نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔