بیساکھی میلے اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارتی سکھ یاتری 10اپریل کو پاکستان پہنچیں گے،ترجمان متروک وقف املاک بورڈ

ہفتہ 5 اپریل 2025 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) بیساکھی میلے اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارتی سکھ یاتری 10اپریل کو واہگہ بارڈ کے راستے پاکستان پہنچیں گے جبکہ کینڈا، امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے یاتریوں کی آ مد کا سلسلہ جاری ہے ۔متروک وقف املاک بورڈ کے ترجمان کے مطابق بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی۔

ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری شرائنزمتروکہ وقف املاک بورڈ سیف اللہ کھوکھر ،پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ سمیت دیگر اعلی حکام اور سکھ رہنما ان کا استقبال کریں گے۔ترجمان نے بتایا کہ یاتری 16اپریل کو کرتار پور اور 18اپریل کو لاہور کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امورو بین المذاہب ہم آ ہنگی سردار محمد یوسف کے احکامات پر یاتریوں کی آمد کے حوالے سے سکیورٹی، رہائش اورٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سمیت سکھ یاتریوں کی دیگر عبادت گاہوںکو خوبصورت انداز میں سجانے کے علاوہ خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مرکزی تقریب گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں14اپریل کو منعقد ہوگی جبکہ 10روزہ دورہ مکمل ہونے کے بعد سکھ یاتری 19 اپریل کو واپس روانہ ہوں گے۔