چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی آذربائیجان کی ملی مجلس کی چیئرپرسن محترمہ صاحبہ غفارووا سے ملاقات

ٰپاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ اور پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ ّ دونوں فریقین کا آئی پی یو،ای سی او اور ایس سی اوجیسے فورمز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:25

_0تاشقند، ازبکستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2025ء)چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے آذربائیجان کی ملی مجلس (پارلیمنٹ) کی چیئرپرسن محترمہ صاحبہ غفارووا سے انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) کی 150ویں اسمبلی کے موقع پر تاشقند میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کے اعادے اور پارلیمانی، اقتصادی اور سیاسی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے منعقد ہوئی۔

چیئرمین سینیٹ نے فروری 2025 میں ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کے 15ویں اجلاس کے موقع پر باکو کے اپنے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے آذربائیجان کی پُرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس صدیوں پرانے تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی اقدار اور مذہبی قربت پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے باکو میں واقع چودھویں صدی کی ملتان کارواں سرائے کو اس تاریخی رشتے کی علامت قرار دیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنی اپنی پارلیمانوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی تعریف کی، جس میں پاکستان-آذربائیجان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا قیام اور 2025 کی دوسری ششماہی میں اسپیکر نیشنل اسمبلی پاکستان کے دورہ آذربائیجان کی تیاری شامل ہے۔ چئیرمین سینیٹ نے پاکستان میں رواں سال کے دوران آذربائیجان اور ترکیہ کے ساتھ تیسرا سہ فریقی اسپیکرز فورم منعقد کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی سیاسی تبادلوں کی اہمیت کا اعتراف کیا، خاص طور پر وزیر اعظم شہباز شریف کے فروری 2025 میں آذربائیجان کے دورے اور صدر الہام علییف کے جولائی 2024 میں پاکستان کے دورے کا ذکر کیا، جن کے دوران کئی اہم شعبوں میں معاہدے طے پائے۔ بات چیت میں دوطرفہ تجارتی روابط کا بھی جائزہ لیا گیا، جہاں چیئرمین گیلانی نے اقتصادی تعاون کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں میں اضافے سے عوامی تبادلے کو مزید تقویت ملنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

دونوں رہنماؤں نے بنیادی قومی مفادات پر ایک دوسرے کے نقطہء نظر کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ملی مجلس کی چیئرپرسن اور ان کے وفد نے چیئرمین سینیٹ کو انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (ISC) ملائیشیا کے بانی صدر کے طور پر نامزد کیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو بین الپارلیمانی سفارتکاری پر مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی دعوت دی گئی، جس کا مقصد پارلیمانی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

ملاقات میں دونوں پارلیمانی رہنماؤں نے جمہوری اقدار، امن اور علاقائی تعاون کے لیے اپنے مشترکہ عزم کے ساتھ مسلسل مکالمے، بڑھتے ہوئے تبادلوں اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر، چیئرمین سینیٹ پاکستان نے انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) کی 150ویں اسمبلی کے موقع پر ازبکستان کی اولی مجلس کے اسپیکر سے ملاقات کی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے IPU اسمبلی کے شاندار انعقاد پر ازبکستان کی حکومت اور پارلیمان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد اور شکریہ پیش کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی سفارتکاری اور علاقائی تعاون کے فروغ میں ازبکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔چیئرمین نے سمرقند اور بخارا کے برصغیر کی تاریخ، خصوصاً مغلیہ دور میں، اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے ثقافتی و علمی تبادلوں کے فروغ کی تجویز دی تاکہ عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں اور فرینڈشپ گروپس کو فعال کرنے کی تجویز دی تاکہ قانون سازی کے تجربات کا تبادلہ کیا جا سکے اور ادارہ جاتی رابطہ مضبوط کیا جا سکے۔ ملاقات کے دوران اقتصادی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی اور ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی ای) پر امید ظاہر کی اور زراعت، ٹیکسٹائل، دواسازی، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین نے علاقائی روابط، خاص طور پر پاکستان-افغانستان-ازبکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو پورے خطے کے لیے ایک کلیدی تجارتی راہداری ہے۔علاقائی سلامتی کے ضمن میں چیئرمین نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے عزم کو دہرایا اور انٹیلیجنس شیئرنگ، صلاحیتوں میں اضافہ، اور افغانستان میں امن و استحکام کو علاقائی خوشحالی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے دونوں فریقین نے آئی پی یو،ای سی او اور ایس سی اوجیسے فورمز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ازبکستان کی اولی مجلس کے اسپیکر اور ایک پارلیمانی وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور رہنمائی میں پاکستانی پارلیمانی وفد 150ویں بین الپارلیمانی یونین اسمبلی میں بھرپور انداز میں شرکت کر رہا ہے، جو اس وقت ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقد ہو رہی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں فعال شمولیت، حکمت عملی پر مبنی روابط، اور تسلسل کے ساتھ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستانی وفد نے اس عالمی فورم پر نمایاں تاثر قائم کیا۔ اسمبلی کے افتتاحی دن ایشیا پیسفک جیو پولیٹیکل گروپ ط جس میں 36 ممالک شامل ہیں ط سے تعلق رکھنے والے تین پاکستانی وفد ارکان کو بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی اہم کمیٹیوں میں کامیابی سے منتخب کیا گیا۔

واضح رہے کہ آئی پی یو دنیا بھر کی قومی پارلیمانوں کی عالمی تنظیم ہے، جو 181 رکن ممالک کی نمائندگی کرتی ہے۔یہ اہم کامیابیاں پاکستان کی فعال پارلیمانی سفارتکاری، رکن ممالک سے تعمیری روابط، اور چیئرمین سینیٹ کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جنہوں نے دوست ممالک سے حمایت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک ط جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے مسلسل دوسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے۔

یہ کامیابی ان کی جمہوری حکمرانی اور انسانی حقوق کے لیے قیمتی خدمات کا اعتراف ہے۔سینیٹر آغا شاہ زیب درانی ط بیورو آف ینگ پارلیمنٹیرینز کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ اس فورم پر اس سے قبل بھی اپنے گزشتہ سینیٹ کے دور میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حالیہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد تین سال کے وقفے کے بعد ان کی دوبارہ واپسی ایک اہم پیشرفت ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک، ایم این اے ط انسداد دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی سے نمٹنے کے لیے قائم ہائی لیول ایڈوائزری گروپ کے رکن منتخب ہوئے۔ یہ پاکستان کے عالمی امن کے فروغ اور سیکیورٹی خطرات کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قائدانہ صلاحیتوں اور پاکستانی وفد کی متحدہ کاوشوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی پارلیمانی منظرنامے میں ایک مؤثر، مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ کامیابیاں نہ صرف پاکستان کے جمہوری اقدار، نوجوانوں کی نمائندگی اور عالمی امن سے وابستگی کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ آئی پی یو پلیٹ فارم پر پاکستان کی فعال شمولیت کی بھی مظہر ہیں۔