مختلف ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 5 افراد جاںبحق ، 3زخمی

موٹر وے پیدل کراس کرتے میاں بیوی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے

اتوار 6 اپریل 2025 13:50

سمندری/فیروزوالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)پنجاب میں ہونے والے مختلف ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت 5 افراد جاںبحق جبکہ 3زخمی ہوگئے ۔پولیس حکام کے مطابق پہلا حادثہ موٹر وے ایم تھری سمندری پر پیش آیا جہاں موٹر وے پیدل کراس کرتے میاں بیوی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے۔خاوند جاوید موقعہ پر جبکہ اہلیہ بشری ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی، میاں بیوی چک نمبر440گ ب کے رہائشی تھے ،دونوں موٹر وے کراس کر کے ڈیرہ پر جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

فیروز والا میں فیض پور انٹر چینج کے قریب تیز رفتار کار کی ٹرالی کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 26 سالہ سلیم اور 28 سالہ اسماعیل کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں جاں بحق افراد کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ۔پیرمحل میں سندھیلیانوالی روڈ پر تیز رفتار کار رکشہ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ 3افراد شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق کی شناخت بلال جبکہ زخمیوں میں اسامہ، مجید، طلحہ شامل ہیں،شدید زخمی ہونے والے اسامہ قمر کو تشویشناک حالت کے باعث لاہور ریفر کر دیا گیا ، جاں بحق اور زخمی آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔