پی ایس ایل 10 کےملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچز کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے موک ایکسرسائز

اتوار 6 اپریل 2025 15:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) ملتان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پی ایس ایل سیزن 10 کے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچز کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی ہدایت پر اتوار کے روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایس پی کینٹ کائنات اظہر کی سربراہی میں ہونے والی موک ایکسرسائز میں ملتان پولیس، پاک فوج، رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

موک ایکسرسائز میں ممکنہ دہشت گردی، ہنگامہ آرائی یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران اسٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ، جدید آلات کے ذریعے نگرانی اور عوام الناس کے لیے متبادل راستوں کی سہولت جیسے اہم اقدامات کیے گئے۔ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی مشق کی جبکہ ٹریفک پولیس نے اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان کے تحت مشق کی۔

تمام اداروں نے مشترکہ طور پر اسٹیڈیم اور اس کے گرد و نواح کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے ایس پی کینٹ کائنات اظہر نے کہا کہ یہ اقدامات شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بروقت کارروائی کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور پی ایس ایل 10 کے میچز کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تیار ہیں۔موک ایکسرسائز میں شامل تمام اداروں کے افسران و اہلکاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ایس ایل10 میچز کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے میچز کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کے پانچ میچز شیڈول ہیںجو بالترتیب 22،23 اپریل اور یکم،پانچ اور نو مئی کو کھیلے جائیں گے۔